جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں دھماکہ، 7 افراد جاں بحق، 15 زخمی
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں ہونے والے خوفناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر وانا کے مطابق دھماکے میں امن کمیٹی کے رہنما کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا جا رہا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے بعد متعدد افراد کے ملبے تلے دب جانے کی اطلاعات ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ "معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔”
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے انٹیلی جنس ادارے سرگرم ہو گئے ہیں۔