تہران : ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکی حملے اشتعال انگیز ہیں، ان کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکا نے حملہ کرکے این پی ٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی، ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹرکی خلاف ورزی ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اپنے مفادات اور عوام کے دفاع کیلئے جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، امریکی حملے اشتعال انگیز ہیں، ان کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکا نے اسرائیل کیساتھ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کردیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق 6 بی 2 بمبار طیاروں نے ایرانی نیوکلیئر سائٹس پر حملے کیے، امریکی بمبار طیاروں نے حملوں میں 6 بنکر بسٹر بم پھینکے۔ فردو جوہری تنصیبات پر تقریباً 30 ٹن دھماکا خیزمواد گرایا گیا۔ ایرانی جوہری مقامات پر30 ٹاما ہاک میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم نے ایران میں 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات پرحملے کیے گئے، فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کردی۔