حکومت نے گیس کے بلوں میں عائد فکسڈ چارجز میں 50 روپے سے 400 روپے تک اضافہ کر دیا ہے۔۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس ہوا جس میں معیشت، توانائی اور غذائی تحفظ سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم فکسڈ چارجز میں بڑھا دیئے گئے ہیں۔۔
پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز 400 روپے سے بڑھا کر 450 روپے ماہانہ کر دیے گئے جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز 1000 سے بڑھا کر 1400 روپے کیے گئے۔
1.5 کیوبک میٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والے صارفین کے فکسڈ چارجز 2000 سے بڑھاکر 2400 روپے ماہانہ کر دیے گئے۔
دوسری جانب گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس اور صنعتی صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اوسطاً 10 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ای سی سی نے چینی کی درآمد کی منظوری بھی دے دی ہے، اس حوالے سے ایک 10 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے، کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ کریں گے۔
کمیٹی میں وزیرِ تجارت، معاون خصوصی برائے خارجہ امور، سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر بھی شامل ہوں گے،کمیٹی اپنی سفارشات ای سی سی کو پیش کرے گی۔