تل ابیب : اسرائیل کی سیاسی و سیکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ اعلان وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل پورے علاقے پر فوجی کنٹرول قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ ’اسرائیلی فوج غزہ شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کی تیاری کرے گی جبکہ جنگی علاقوں کے باہر شہری آبادی کو انسانی امداد فراہم کی جائے گی‘۔
غزہ شہر، جو پٹی کے شمال میں واقع ہے، اس محصور علاقے کا سب سے بڑا شہر ہے۔
دو سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی کابینہ کی کسی بھی قرارداد کو مکمل کابینہ کی منظوری درکار ہوگی، جو ممکن ہے کہ اتوار تک نہ مل سکے۔
اس سے قبل فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا تھا کہ جنگی مجرم نیتن یاہو، غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی اور جبری بے دخلی کے سلسلے کو جاری رکھنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سیاسی و سیکیورٹی کابینہ کے بڑے حصے کا ماننا ہے کہ ’کابینہ میں پیش کی گئی متبادل تجویز کے نتیجے میں نہ تو حماس کو شکست ہوگی اور نہ ہی یرغمالیوں کی واپسی ہوگی‘۔