اسلام آباد : پاکستان نے امریکا کی جانب سے عائد ٹیرف میں کمی سے ایک ارب ڈالر کا نقصان ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا۔وزیر مملکت خزانہ کا کہنا ہے امریکا اس وقت پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے۔
وزارت تجارت نےقومی اسمبلی کو تحریری جواب میں صاف بتادیا،کہا امریکا نے پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف 29 فیصد سےکم کرکے19فیصد کردیا،ٹیرف میں کمی سےامریکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی فروخت بڑھےگی،ٹیکسٹائل کی برآمدات بھی بڑھنے کی توقع ہے۔
ایوان میں وزیرمملکت خزانہ بلال اظہرکیانی نےپاک امریکا رعایتی ٹیرف ڈیل فائنل ہونےکی نوید سنائی، کہا وزیراعظم ،فیلڈ مارشل اور نائب وزیراعظم سمیت دیگر حکام کی کوششوں سے ٹریڈ ڈیل ممکن ہوئی خطےمیں ایسے معاہدے کی اور کوئی مثال نہیں۔
بلال اظہرکیانی نےکہا پاکستان کی امریکا کےساتھ رعایتی ٹیرف ڈیل فائنل ہوچکی ہے،امریکا نے خطے میں سب سےکم ٹیرف پاکستان پرلگایا جس کا براہ راست فائدہ برآمدات کو ہوگا،امریکا اسوقت پاکستانی برآمدات کے لیےسب سے بڑی منڈی ہے۔
وزیرمملکت خزانہ نےکہا اپوزیشن چاہتی تھی کہ امریکا سےتعلقات خراب ہوں اور ملک ڈیفالٹ کرے، سائفرلہرائے جانے کی وجہ سےتو امریکا سےایسی ڈیل کی کوئی توقع ہی نہیں کررہا تھا،لیکن اب اپوزیشن بھی مانےگی کہ امریکا سے تجارتی تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔