وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے ملک بھر میں 911 ہیلپ لائن کو فوری طور پر فعال کردیا ہے، جس کا مقصد ہنگامی حالات میں شہریوں کو تیز اور مؤثر مدد فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ نظام اس وقت بھی کام کرے گا جب کسی علاقے میں موبائل نیٹ ورک کے ٹاورز متاثر یا غیر فعال ہوں۔ اس جدید نظام کی بدولت شہری اپنے نیٹ ورک کی خرابی کے باوجود بھی 911 پر کال کرکے ریسکیو، ایمبولینس، پولیس یا دیگر ہنگامی سہولتوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
حکومت نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ 911 ہیلپ لائن کو صرف ہنگامی صورتحال میں استعمال کریں اور غیر ضروری کالز سے اجتناب برتیں تاکہ یہ سہولت ان افراد کے لیے باآسانی دستیاب ہو سکے جنہیں فوری مدد درکار ہے۔
وزارتِ آئی ٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام سے ہنگامی صورتحال میں ریسکیو ریسپانس ٹائم کم ہوگا اور شہریوں کو ایک مرکزی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے کی سہولت ملے گی۔