اسلام آباد: پاکستان نے اسپیس ٹیکنالوجی میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ ترجمان سپارکو نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے مدار میں پہنچ گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ نے گراؤنڈ اسٹیشنز سے مستحکم رابطہ بھی قائم کرلیا، ہائی ریزولوشن تصاویر زمین پر بھیجنے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
ترجمان سپارکو نے مزید کہا کہ اس سیٹلائیٹ کی مدد سے شہری منصوبہ بندی اور انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ میں انقلاب آئے گا، سیٹلائٹ قدرتی آفات کی بروقت مانیٹرنگ میں معاون ثابت ہوگا، سیلاب، زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے فوری ڈیٹا سے ریلیف ممکن ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کے ذریعے مستقبل میں گلیشئر پگھلنے، جنگلات کی کٹائی کی نگرانی ممکن ہوگی، زراعت میں فصلوں کی نقشہ سازی، پانی کے وسائل کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی، سیٹلائٹ غذائی تحفظ اور زرعی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبوں میں جغرافیائی خطرات کی شناخت، نیٹ ورکس کی نقشہ سازی ممکن ہوگی، پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے فیصلہ سازی میں بہتری آئے گی۔
سپارکو ترجمان کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ کی مدار میں کامیاب گردش پاکستان کی تکنیکی خودمختاری اور خلاء پر مبنی ٹیکنالوجی میں بڑا قدم ہے۔