لاہور : سی سی ڈی کے مبینہ پولیس مقابلوں میں لاہور میں 3 اور گجرات میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا مقابلہ گجرات میں سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کے درمیان رات گئے ہوا، مبینہ مقابلے کے دوران فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
ترجمان سی سی ڈی نے بتایا مقابلہ بھمبر پل سیدھڑی کے قریب ہوا جس میں ایک ڈاکو اپنے ساتھی کی گولی سے مارا گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت علی رضا گوجرانوالہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈاکو علی رضا گوجرانوالہ پولیس کو 25 مقدمات میں مطلوب تھا، ہلاک ملزم منشیات فروشی اور جرائم پیشہ کے طور پر جانا جاتا تھا، ہلاک ڈاکو علی رضا سے ایک چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری جانب لاہور میں کاہنہ اور چوہنگ کے علاقوں میں سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے کے دوران تین ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق چوہنگ مقابلے میں دو ملزمان مظہر اور خالد مارے گئے جبکہ کاہنہ مقابلے میں شاہد عمران نامی ملزم مارا گیا، ہلاک ملزمان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔