عظمیٰ بخاری کا شرمیلا فاروقی کو مناظرے کا چیلنج
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں 17 برس سے اقتدار میں ہے جبکہ مریم نواز کی پنجاب حکومت کو ابھی دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے۔ "آپ 17 سال میں عوامی فلاح کے 17 منصوبے بھی نہیں گنوا سکتیں، لیکن مریم نواز نے صرف ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کیے، جن میں سے 50 مکمل ہوچکے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت 90 ہزار گھر اور 80 ہزار اسکالرشپس فراہم کیں جبکہ کراچی کے لوگ بھی لاہور کی سڑکوں اور صفائی کی تعریف کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سیلاب متاثرین کو 10،10 لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی دیں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا: "میں شرمیلا فاروقی کے ساتھ مناظرے کے لیے بالکل تیار ہوں، آجائیں اور پرفارمنس کا مقابلہ کریں۔”
شرمیلا فاروقی کا ردعمل
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ "جب ایک صوبے کا چیف ایگزیکٹو یہ کہے کہ میرا پیسا، میرا پانی اور انگلی توڑ دیں گے تو یہ بدقسمتی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ پیپلز پارٹی اس کی اہم اتحادی ہے اور ہم ذاتیات پر نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے پر بات کر رہے ہیں۔
شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ 2022 کے سیلاب میں سندھ حکومت نے بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین کو براہِ راست کیش ٹرانسفر کیا، جبکہ پنجاب میں اس کے علاوہ کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔ "یہ پانی نہ آپ کا ہے نہ میرا، یہ پاکستان کے عوام کا ہے۔”