سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ آپریشنز کے دوران چار خوارج کو ہلاک کر دیا ۔ صدر آصف علی زرداری ، وزیرِاعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا قومی عزم دہرا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو خارجی دہشتگرد مارے گئے۔ مہمند میں ھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دو خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ مارے گئے خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری ہے۔ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر بہادر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ الگ الگ پیغامات میں کہا کہ قوم بہادر مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ۔ پوری قوم اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
