راولپنڈی — راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 404 رنز بنا کر آؤٹ ہو کر 71 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ آصف آفریدی نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 94 کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گر گئیں۔
تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی نامکمل اننگز 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ ٹرسٹن سٹبز نے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کائل ویرین بغیر کوئی اضافہ کیے آصف آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آصف آفریدی نے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے سائمن ہارمر (2)، ٹرسٹن سٹبز (76)، اور بعد میں کاغیسو ربادا (71) سمیت کل 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ نعمان علی نے دو، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سینیوران متھوسامی (89) اور ربادا (71) کے درمیان آخری وکٹ کی 98 رنز کی شراکت نے جنوبی افریقہ کو بڑی برتری دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز دباؤ کے ساتھ کیا۔
امام الحق (9)، شان مسعود (0)، عبداللہ شفیق (6) اور سعود شکیل (11) جلد آؤٹ ہوگئے۔
دن کے اختتام پر بابر اعظم 49 اور محمد رضوان 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنائے اور اسے مجموعی طور پر 23 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر نے 3 جبکہ کاغیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔