بیجنگ — بحرالکاہل کے ساحلی ممالک کوسٹا ریکا اور ارجنٹائن میں بدھ کے روز درمیانی شدت کے زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں ممالک میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا نے جرمن ریسرچ سینٹر برائے جیوسائنسز (GFZ) کے حوالے سے بتایا کہ کوسٹا ریکا میں مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجکر 57 منٹ پر زلزلہ آیا، جس کی شدت 5.9 ریکٹر اسکیل ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز 9.27 درجے شمالی عرض بلد اور 84.39 درجے مغربی طول بلد پر، جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
اسی روز ارجنٹائن کے صوبے لا ریوجا میں بھی 5.7 شدت کا زلزلہ آیا۔ GFZ کی رپورٹ کے مطابق، زلزلے کی گہرائی 122 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مقامی حکام کے مطابق، ابھی تک کسی نقصان یا ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے زلزلے خطے کے لیے معمول کی جغرافیائی سرگرمیوں کا حصہ ہیں، تاہم زیرِ زمین گہرائی میں فرق کی وجہ سے ان کے اثرات مختلف علاقوں میں کم یا زیادہ محسوس ہو سکتے ہیں۔

