اسلام آباد — وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں جدید پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد سفارتی برادری کے لیے صحت مند اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی چودھری سالک حسین، سینیٹر فیصل سلیم اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے شرکت کی، جبکہ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران محسن نقوی، نیٹلی بیکر، چودھری سالک حسین اور چیئرمین سی ڈی اے نے علامتی طور پر پیڈل ٹینس میچ بھی کھیلا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ “پیڈل ٹینس کورٹ کے قیام سے ڈپلومیٹک کمیونٹی کو کھیل اور تفریح کی اعلیٰ معیار کی سہولت میسر آئے گی۔ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت سفارتی برادری کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ان کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار اور محفوظ ہو۔
انہوں نے کہا کہ “اسلام آباد کو عالمی معیار کا دارالحکومت بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کھیل اور ثقافت قوموں کو جوڑنے کا اہم ذریعہ ہیں، جبکہ مہمان نوازی اور خوش اخلاقی پاکستانی قوم کی پہچان ہیں۔”
