منامہ — پاکستان نے ایشین یوتھ گیمز کے مینز والی بال ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
بحرین میں جاری ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں قومی ٹیم نے مضبوط حریف چین کو 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔ اب پاکستان کا مقابلہ افغانستان اور انڈونیشیا کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
اس سے قبل گروپ ای کے میچز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سعودی عرب کو 1-3 سے شکست دی تھی، جب کہ پہلے گروپ میچ میں ازبکستان کو 0-3 سے زیر کیا۔ ان فتوحات کے ساتھ قومی ٹیم نے گروپ چیمپئن کی حیثیت سے اگلے مرحلے میں جگہ حاصل کی۔
ٹیم منیجمنٹ کے مطابق کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور وہ سیمی فائنل میں بھی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ کوچ نے کہا کہ ٹیم کی یکجہتی اور نظم و ضبط ہی کامیابی کا اصل راز ہے۔
