گوہاٹی — آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں آج انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
انگلینڈ کی ٹیم نے گروپ مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھائی اور صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کیا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کی نمایاں بیٹر لورا وولوارٹ 301 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی پیش کر رہی ہیں، تاہم مجموعی طور پر ٹیم کی پرفارمنس غیر مستحکم رہی ہے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ گروپ مرحلے میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، جب کہ پروٹیز ٹیم صرف 69 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور میزبان بھارت کے درمیان ممبئی کے ڈی وائی پٹیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلوی ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی ہے، اس نے چھ کامیابیاں حاصل کیں جبکہ ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا۔
سات مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلیا اس بار بھی واضح فیورٹ قرار دی جا رہی ہے۔ فائنل میچ اتوار کو ممبئی کے ڈی وائی پٹیل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا، جس میں دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی نظریں جیتنے والی ٹیم پر مرکوز ہوں گی۔

