ایکواڈور کی جیل میں خوفناک ہنگامہ آرائی، 31 قیدی ہلاک، درجنوں زخمی
کویٹو — جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کی ایک جیل میں خوفناک ہنگامہ آرائی اور بھگدڑ کے نتیجے میں 31 قیدی ہلاک اور 33 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 27 قیدی دم گھٹنے جبکہ 4 گولیوں کے زخموں کے باعث ہلاک ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جیل کے اندر سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے جیل کو گھیرے میں لے لیا۔ فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق ایکواڈور کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی اور منشیات فروش گروہوں کے درمیان طاقت کی جنگ نے حالات کو انتہائی خطرناک بنا دیا ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران ایکواڈور کی مختلف جیلوں میں پرتشدد جھڑپیں معمول بن چکی ہیں، جن میں اب تک سینکڑوں قیدی ہلاک ہو چکے ہیں۔