’قوم کے معماروں پر کوئی آنچ نہ آئے‘، فیلڈ مارشل نے کیڈٹ کالج وانا آپریشن پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی، کمانڈر کرنل محمد طاہر نے تفصیل بتادی

0

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کیڈٹ کالج پر دہشتگرد حملے کو ناکام بنانے کے بعد کیڈٹس اور اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لمحہ بہ لمحہ آپریشن کی نگرانی کی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ہدایت کی کہ "قوم کے یہ معمار ہمارا سرمایہ ہیں، ہرگز کوئی آنچ نہ آنے پائے۔”

آپریشن کے کمانڈر کرنل محمد طاہر کے مطابق 10 نومبر کو پانچ افغانی خوارج نے وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کیا۔ خودکش حملہ آور نے داخلی دروازے پر دھماکہ کیا جبکہ دیگر دہشتگرد اندر داخل ہونے کی کوشش میں تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے منصوبے کو ناکام بنایا اور انہیں مخصوص بلاک میں محدود کر کے طالبعلموں کی حفاظت یقینی بنائی۔

کرنل محمد طاہر نے بتایا کہ رات 10 بجے بھرپور آپریشن کے بعد تمام خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن نے پاک فوج کی جانب سے جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے قائم قیمتی اثاثہ، وانا کیڈٹ کالج، کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن سیکیورٹی فورسز نے جانیں قربان کر کے کیڈٹس کو محفوظ رکھا۔

کالج میں زیر تعلیم کیڈٹس نے بتایا کہ "ہم عصر کے وقت ڈرل کمپی ٹیشن کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا۔ ہمیں معلوم ہو گیا کہ حملہ تعلیم کے دشمنوں نے کیا ہے جو ہمیں علم سے روکنا چاہتے ہیں، مگر ہم ہار نہیں مانیں گے۔”

کیڈٹس کے مطابق پاک فوج کے جوان فوری طور پر پہنچے اور انہیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ایک کیڈٹ نے کہا، "اساتذہ نے ہمیں حوصلہ دیا اور کہا کہ پرسکون رہو، پاک فوج آگئی ہے۔”

آپریشن کی کامیابی سے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا۔ قوم نے پاک فوج اور بہادر کیڈٹس کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کیا — پاکستان زندہ باد۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.