راشد لطیف کا متنازع بیانات پر غیرمشروط معافی کا اعلان
سابق قومی کرکٹر اور کپتان راشد لطیف نے سوشل میڈیا اور مختلف انٹرویوز میں دیے گئے اپنے متنازع بیانات پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے غیرمشروط معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد رضوان کی فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کو کپتانی سے ہٹائے جانے سے جوڑنا بلاجواز اور بے بنیاد تھا، یہ بیان نہ مناسب تھا اور نہ ہی کسی ٹھوس ثبوت پر مبنی تھا۔
راشد لطیف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ملک کی ساکھ ان کے لیے مقدم ہے اور غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کرنے کا انہوں نے کبھی ارادہ نہیں کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں رائے کے اظہار کے دوران زیادہ ذمہ داری، شواہد کی بنیاد اور محتاط رویہ اختیار کریں گے۔
سابق کپتان نے واضح کیا کہ کسی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کا مقصد نہیں تھا، اسی لیے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، عوام اور تمام متعلقہ شخصیات سے غیر مشروط معذرت کرتے ہیں۔