سابق انٹرنیشنل امپائر خضر حیات انتقال کر گئے
لاہور: سابق انٹرنیشنل کرکٹ امپائر خضر حیات 86 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔
خضر حیات نے اپنے کیریئر کا آغاز پاکستان ریلویز کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر کیا، جس کے بعد وہ 1970 کی دہائی میں امپائرنگ کے شعبے سے وابستہ ہوئے۔ انہوں نے اپنے طویل امپائرنگ کیریئر میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ڈومیسٹک مقابلوں سمیت متعدد اہم میچز سپروائز کیے۔
مرحوم نے 34 ٹیسٹ اور 57 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے، جب کہ وہ تین ورلڈکپ مقابلوں میں بھی آفیشل رہے۔ امپائرنگ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے منسلک رہے اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہے۔
کرکٹ حلقوں نے خضر حیات کی پیشہ ورانہ خدمات اور کھیل کے لیے ان کی طویل وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔