غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کی نئی لہر؛ متعدد فلسطینی شہید، حماس کی ثالثوں سے مداخلت کی اپیل

0

غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں کی نئی کارروائیاں کی ہیں جن کے نتیجے میں متعدد فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ قطری نشریاتی ادارے کے مطابق تازہ حملوں میں بچوں سمیت کم از کم 24 افراد شہید جبکہ 87 زخمی ہوئے۔

عینی شاہدین کے مطابق پہلا حملہ شمالی غزہ میں ایک کار پر کیا گیا جس کے بعد دیرالبلح اور النصیرات پناہ گزین کیمپ میں مزید حملے کیے گئے۔ غزہ شہر میں ایک ڈرون حملے میں کم از کم 11 افراد شہید اور 20 زخمی ہوئے۔ العشیفا اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر رامی مہنّا کے مطابق یہ حملہ رِمال محلے میں ہوا۔

دیرالبلح میں ایک رہائشی مکان پر کیے گئے حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے، جب کہ النصیرات میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے بعد پورا علاقہ دھوئیں اور ملبے سے بھر گیا تھا اور کئی افراد اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اسپتال منتقل کرتے رہے۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کا دعویٰ ہے کہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے سیزفائر کی سیکڑوں مرتبہ خلاف ورزی کی جا چکی ہے اور اب تک بڑی تعداد میں شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

فلسطینی تنظیم حماس نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور سرحدی حدود سے آگے بڑھ رہا ہے۔ حماس نے امریکا، قطر اور مصر سمیت ثالث ممالک سے فوری مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

تنظیم نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی ثالث اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور جنگ بندی کے فریم ورک پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.