ریاض: سعودی حکام نے 13 تا 19 نومبر 2025 کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 22,094 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق، اس دوران 13,750 افراد کو اقامہ قانون، 4,720 کو غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور 3,624 کو محنت کے قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا۔
غیر قانونی داخلے کی کوشش کرنے والے 1,867 افراد میں 65 فیصد ایتھوپین، 34 فیصد یمنی اور 1 فیصد دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں، سفر، رہائش، روزگار یا پناہ دینے میں ملوث 32 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ مجموعی طور پر 30,055 غیر قانونی تارکین کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 28,469 مرد اور 1,586 خواتین شامل ہیں۔
ان میں سے 21,856 افراد کو سفارت خانوں یا قونصلیٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ 4,555 کو سفری انتظامات کی ہدایت اور 14,206 افراد کو سعودی عرب سے بے دخل کیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو داخلے، رہائش یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا جرم ہے اور اس کی سخت سزائیں ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے کو 15 برس قید، 10 لاکھ ریال جرمانہ اور گاڑی و جائیداد ضبط کرنے کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
