پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز جیت لی

0

راولپنڈی: پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 114 رنز بنائے جس کا تعاقب گرین شرٹس نے 8 گیندیں قبل باآسانی مکمل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز پراعتماد رہا۔ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے 46 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ فرحان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان سلمان آغا 14 رنز اور فخر زمان محض 3 رنز بنا سکے۔ آخر میں بابر اعظم 37 اور عثمان خان 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح دلائی۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس ہار کر بیٹنگ کا آغاز کیا اور 84 رنز پر اس کی پہلی وکٹ گری، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے صرف 30 رنز کے اضافے پر باقی 9 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔ کامل مشرا 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکن ٹیم 114 رنز پر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور شاہین آفریدی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے دو جبکہ سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

محمد نواز کو فائنل میں عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ جبکہ مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ فائنل کیلئے پاکستانی ٹیم میں شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا جبکہ وسیم جونیئر کو ڈراپ کیا گیا۔ سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.