پاکستانی لیجنڈ اعصام الحق کا شاندار کیریئر اختتام پذیر، آخری میچ کے بعد ٹینس کو الوداع
اسلام آباد میں منعقدہ اے ٹی پی چیلنجر کپ کے مینز ڈبلز فائنل کے ساتھ پاکستان کے لیجنڈ ٹینس اسٹار اعصام الحق اپنے شاندار اور یادگار کیریئر کو اختتام تک پہنچا کر ٹینس کورٹ سے رخصت ہوگئے۔ یہ مقابلہ مزمل مرتضیٰ کے ہمراہ ان کے کیریئر کا آخری میچ تھا، جس میں انہیں حریف پیئر کے خلاف اسٹریٹ سیٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اعصام الحق نے چیلنجر کپ کے افتتاحی موقع پر ہی اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا اعلان کردیا تھا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے حریف کھلاڑیوں کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنی فیملی، دوستوں، مداحوں اور کوچز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پورے کیریئر میں انہیں بھرپور سپورٹ ملی، جس کے باعث وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام بلند کرنے میں کامیاب رہے۔ بطور صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن، انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ان کے مطابق پاکستان میں اے ٹی پی ٹورنامنٹ کا انعقاد کھیل کے فروغ کے لیے بڑی کامیابی ہے۔
اعصام الحق نے اپنے طویل کیریئر میں پاکستان کے لیے 18 اے ٹی پی ورلڈ ٹور ٹائٹلز، 28 اے ٹی پی چیلنجر ٹرافیاں اور ڈبلز کی سطح پر 17 آئی ٹی ایف فیوچر ٹائٹلز جیتے، جبکہ سنگلز میں بھی 5 آئی ٹی ایف ٹائٹلز اپنے نام کیے۔ وہ اے ٹی پی چیلنجر کا ایک ٹائٹل بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ڈیوس کپ میں وہ سنگلز، ڈبلز اور مجموعی طور پر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔
کیریئر کے آخری میچ کے بعد گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہو کر اعصام الحق کو خراجِ تحسین پیش کیا۔