سعودی طلبہ کے تیار کردہ دو مصنوعی سیارے خلا میں روانہ

0

ریاض: سعودی عرب کی خلائی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق سعودی طلبہ کے ڈیزائن کردہ دو مصنوعی سیارے ’’روضة سکوب‘‘ اور ’’أفق‘‘ کامیابی کے ساتھ خلا کی جانب روانہ کر دیے گئے۔ یہ سیارے جامعہ أم القرى اور جامعہ الأمير سلطان کے طلبہ نے ’’ساری‘‘ مقابلے کے تحت تیار کیے، جس کا مقصد طلبہ میں چھوٹے مصنوعی سیاروں کی ڈیزائننگ، تیاری اور آپریشن کی عملی مہارت پیدا کرنا تھا۔

مقابلے میں ملک کی 42 جامعات کے 480 سے زائد طلبہ پر مشتمل ٹیموں نے انجینئرنگ اور سائنسی معیارات پر پورا اترنے والے سیٹلائٹس کے ماڈلز پیش کیے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد نئی ٹیکنالوجیز سے آگاہی، عملی تربیت اور سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں طلبہ کی قابلیت کو فروغ دینا تھا۔

جامعہ الأمير سلطان کی ٹیم نے ’’روضہ سکوب‘‘ نامی سیارہ تیار کیا ہے، جو کم توانائی والے انٹرنیٹ آف تھنگز نظام کا حامل ہے اور ماحولیاتی اقدامات کے تجزیے کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں میں رابطے کے استحکام میں معاونت فراہم کرے گا۔ دوسری جانب جامعة أم القرى کی ٹیم نے ’’أفق‘‘ نامی سیٹلائٹ ڈیزائن کیا ہے، جو خلائی موسم، شمسی تابکاری اور ان کے اثرات کا جائزہ لے گا تاکہ درست وقت اور نیویگیشن کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

خلائی ایجنسی کے مطابق دونوں پروجیکٹس ٹیکنالوجی کے استعمال اور سائنسی جدت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ ان سیاروں کی تیاری سے قبل طلبہ نے تکنیکی اور ماحولیاتی ٹیسٹوں سمیت متعدد تربیتی ورکشاپس میں حصہ لیا، جو ایجنسی کے ماہرین اور بین الاقوامی شراکت داروں کی نگرانی میں منعقد کی گئیں۔ اس عمل کے ذریعے اکیڈمک آئیڈیاز کو حقیقی قومی فضائی منصوبوں میں تبدیل کیا گیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.