جوڈیشل کمیشن نے جسٹس میاں گل حسن کو سپریم کورٹ کا مستقل جج بنانے کی منظوری دیدی
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہوا جس میں ایک سال سے بطور اسپیشل جج فرائض انجام دینے والے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ایک رکن جسٹس منیب اختر نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو مستقل جج تعینات کرنے کی مخالفت کی۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے لیے قائم مقام چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ جسٹس محمد کامران ملا خیل کو بلوچستان ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس تعینات کرنے کی سفارش کی گئی، دونوں ججز کی تعیناتی کی سفارش متفقہ طور پر کی گئی۔