کراچی: 35 ویں نیشنل گیمز کے پہلے روز کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں گولڈ میڈلز کی دوڑ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ شوٹنگ ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آرمی کی لیفٹیننٹ مصباح نے خواتین کے 50 میٹر رائفل ایونٹ میں پہلا سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
شوٹنگ میں 6 گولڈ میڈلز کا فیصلہ — آرمی آگے، نیوی کا قریبی تعاقب
پہلے دن شوٹنگ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 6 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا، جس میں پاکستان آرمی نے 4 جبکہ پاکستان نیوی نے 2 گولڈ میڈلز جیت لیے۔
نیوی نے مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل ٹیم ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 1721 پوائنٹس کے ساتھ نیا قومی ریکارڈ قائم کیا اور آرمی کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جو 2022 کی نیشنل شوٹنگ چیمپیئن شپ میں 1718 پوائنٹس کے ساتھ قائم تھا۔
10 میٹر ایئر پسٹل ٹیم ایونٹ میں شاہ رخ خان، ارسلان اور مدثر خان نے نیوی کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
فٹبال ایونٹس کی شروعات — آرمی کی بڑی جیت، سندھ اور واپڈا کا میچ برابر
نیشنل گیمز میں مینز اور ویمن فٹبال مقابلوں کا آغاز بھی ہوگیا۔
خواتین فٹبال میں آرمی نے کے پی کو 0-23 سے یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی، جبکہ سندھ اور واپڈا کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔

