یونان کے جزیرے کریٹ کے قریب بحیرۂ روم میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ اطراف میں طغیانی اور تیز لہروں کے باعث کشتی کو شدید نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق دو افراد زندہ حالت میں ملے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق کشتی کو حادثہ کریٹ کے جنوب مغرب میں تقریباً 26 ناٹیکل میل دور پیش آیا۔ یہ نشاندہی ترکیہ کے ایک مال بردار جہاز نے کی، جس نے فوری طور پر یونانی حکام کو اطلاع دی اور ریسکیو کارروائی شروع کی گئی۔
مقامی میڈیا نے کوسٹ گارڈ کے حوالے سے کہا کہ حادثے کو دو روز گزر چکے تھے اور متاثرین کو بروقت مدد نہ ملنے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔ زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ موسم کی خرابی کے باعث کشتی کو نقصان پہنچا، جبکہ ان کے پاس خوراک اور پانی بھی موجود نہیں تھا۔
اس واقعے سے قبل تھائی لینڈ اور ملائیشیا کی سرحد کے قریب بھی ایک تارکین وطن کشتی حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس میں 11 افراد ہلاک اور 13 افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔
