کراچی میں 11ویں لیکسن انویسٹمنٹ یونیفائیڈ میراتھن کا انعقاد، اسپیشل ایتھلیٹس اور شہریوں کی بھرپور شرکت
کراچی — اسپیشل اولمپکس پاکستان کے زیرِ اہتمام 11ویں لیکسن انویسٹمنٹ یونیفائیڈ میراتھن کا شاندار انعقاد کراچی میں کیا گیا، جس میں خصوصی افراد اور عام شہریوں نے یکساں جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ میراتھن کا مقصد خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو معاشرے کا فعال حصہ بنانا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔
میراتھن کا آغاز علی الصبح ڈی ایچ اے کے ایمار سینٹر ساحلِ سمندر سے ہوا، جہاں صبح سویرے ہی شرکاء کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ ایونٹ میں 21 کلومیٹر ہاف میراتھن سمیت مختلف کیٹیگریز میں دوڑ کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں وہیل چیئر ریس بھی شامل تھی۔ ان مقابلوں میں سینکڑوں افراد نے حصہ لیا، جن میں اسپیشل ایتھلیٹس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
میرا تھن کے آغاز سے قبل ایک بینڈ نے ملی اور تفریحی نغمے پیش کیے، جس سے ماحول پرجوش ہو گیا اور شرکاء کا حوصلہ مزید بلند ہوا۔ ساحل کے خوبصورت پس منظر میں ہونے والے اس ایونٹ کو شہریوں اور تماشائیوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
اس موقع پر مختلف غیر ملکی سفارتکاروں، اعلیٰ سرکاری حکام، معروف کھلاڑیوں اور شوبز شخصیات نے بھی شرکت کی اور اسپیشل اولمپکس پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹس نہ صرف خصوصی افراد کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے خود میراتھن کی نگرانی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپیشل اولمپکس پاکستان خصوصی ضروریات کے حامل کھلاڑیوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس کے ذریعے خصوصی افراد کی کمیونٹی میں شمولیت کو فروغ دینا اور انہیں خود مختار بنانا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔
رونق لاکھانی نے شہریوں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی معاشرہ خصوصی افراد کو قبول کرنے اور ان کے ساتھ کھڑا ہونے کے جذبے سے سرشار ہے۔ ان کے مطابق آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ خصوصی کھلاڑیوں کو قومی سطح پر مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔