نیویارک — پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی عالمی سطح پر مقبولیت میں ایک اور سنگِ میل اس وقت طے ہوا جب دنیا کے معروف ترین مقام نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں پی ایس ایل ٹرافی کی شاندار نمائش کی گئی۔ شدید سرد موسم کے باوجود شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد ٹائمز اسکوائر پہنچی اور پی ایس ایل روڈ شو کو بھرپور پذیرائی دی۔
پی ایس ایل کی ٹرافی کو خصوصی بس کے ذریعے ٹائمز اسکوائر لایا گیا، جہاں اس کی نمائش نے غیر ملکی شائقین کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ اس تاریخی موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور قومی کرکٹ ٹیم کے نمایاں کھلاڑی شان مسعود، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، صائم ایوب، سعود شکیل اور ابرار احمد بھی موجود تھے۔
ٹائمز اسکوائر میں موجود شائقین نے کھلاڑیوں اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پی ایس ایل کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پی ایس ایل کے عالمی تشخص اور پاکستان کرکٹ کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ لندن میں غیر معمولی پذیرائی کے بعد نیویارک میں تاریخ میں پہلی بار پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد کیا گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان سپر لیگ اب صرف ایک ملکی ٹورنامنٹ نہیں بلکہ عالمی سطح پر پہچان بنانے والا برانڈ بن چکی ہے۔
