امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ریاست کیلیفورنیا اور شہر نیو اورلینز میں دہشت گردی کے بڑے منصوبے ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ کارروائیاں سالِ نو کی تقریبات سے قبل خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں، جن کے نتیجے میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
لاس اینجلس میں ایف بی آئی حکام نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ کیلیفورنیا میں دہشت گرد منصوبے سے تعلق کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ افراد منظم انداز میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ان کے روابط دیگر مشتبہ نیٹ ورکس سے بھی سامنے آئے ہیں۔
ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ نیو اورلینز میں بھی ایک اور مبینہ حملہ آور کو گرفتار کیا گیا ہے، جو سالِ نو کی تقریبات کے دوران دہشت گردی کی کارروائی انجام دینے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ اس طرح مجموعی طور پر پانچ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کے تحت بم دھماکوں کے ذریعے مختلف عوامی مقامات اور تقریبات کو نشانہ بنانا مقصود تھا، تاکہ زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچایا جا سکے۔ ایف بی آئی نے مزید بتایا کہ اورنج کاؤنٹی اور لاس اینجلس میں امیگریشن ایجنٹس اور ان کی گاڑیوں کو بھی ممکنہ اہداف میں شامل کیا گیا تھا۔
ایف بی آئی حکام نے اس بات پر زور دیا کہ بروقت انٹیلی جنس معلومات اور مشترکہ کارروائیوں کے باعث ممکنہ تباہی کو ٹال لیا گیا۔ ادارے کے مطابق تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا اس منصوبے کے پیچھے کوئی بڑا نیٹ ورک یا بیرونی روابط موجود ہیں یا نہیں۔
امریکی حکام نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
