جاوید میانداد دل میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل، معائنے کے بعد گھر روانگی
کراچی — پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ اور سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد کو دل میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تفصیلی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے گھر جانے کی اجازت دے دی۔
مقامی میڈیا کے مطابق اپنے دور کے عظیم بیٹسمین جاوید میانداد معمول کے معائنے کے لیے قومی ادارہ امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی)، کراچی پہنچے تھے، جہاں دل میں تکلیف کی شکایت پر انہیں مختلف طبی ٹیسٹوں سے گزارا گیا۔ معالجین نے احتیاطی طور پر ان کی اینجیوگرافی بھی کی، جس کے نتائج اطمینان بخش پائے گئے۔
ذرائع کے مطابق 68 سالہ جاوید میانداد کسی ہنگامی صورتحال کا شکار نہیں تھے بلکہ معمولی شکایت کے باعث اسپتال آئے تھے۔ ڈاکٹروں نے مکمل تشخیص کے بعد انہیں صحت مند قرار دیتے ہوئے چند ادویات تجویز کیں اور آرام کا مشورہ دیا۔
جاوید میانداد نے این آئی سی وی ڈی میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ گھر روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود کو پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل اور قوم کی دعاؤں سے ان کی صحت میں مزید بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ جاوید میانداد پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے بطور بیٹسمین اور کپتان قومی ٹیم کے لیے طویل عرصے تک نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کی صحت سے متعلق خبر سامنے آنے پر شائقینِ کرکٹ نے سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔