امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے افغانستان میں بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور شدت پسندی کے بڑھتے خطرات کے پیشِ نظر افغان شہریوں کے لیے امیگریشن پالیسی مزید سخت کر دی ہے۔
امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کے مطابق نئے صدارتی حکم کے تحت افغان اسپیشل امیگرنٹ ویزا (SIV) سے متعلق حفاظتی استثنیٰ ختم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد افغان مترجمین اور دیگر اہل افراد بھی اس سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان ان چند ممالک میں شامل ہے جن پر مکمل سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور امیگریشن چینلز مزید محدود کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام سے افغان شہریوں کے امریکہ میں پناہ لینے کے مواقع میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی امریکی داخلی سلامتی اور افغانستان میں غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں کی گئی ہے، تاہم اس کے انسانی اور انسانی حقوق کے اثرات بھی قابلِ تشویش ہیں۔
