بھارت: سی بی آئی کی کارروائی، کرپشن کے الزام پر بھارتی فوج کے سینئر افسر اور اہلیہ گرفتار
نئی دہلی — بھارت میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے کرپشن کے الزامات کے تحت بھارتی فوج کے سینئر افسر لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار کو ان کی اہلیہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی بی آئی اور پولیس نے نئی دہلی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، جہاں سے 2 کروڑ 23 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے، جبکہ ایک دوسری جائیداد سے ایک کروڑ روپے کی مزید رقم بھی ضبط کی گئی۔
سی بی آئی نے تصدیق کی ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی اہلیہ کرنل کاجل بالی بھی بھارتی فوج میں خدمات انجام دے رہی ہیں اور انہیں 16 انفنٹری ڈویژن آرڈیننس یونٹ کی کمانڈنگ آفیسر بتایا گیا ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
تحقیقات سے وابستہ حکام کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار پر الزام ہے کہ وہ دفاعی پیداوار سے منسلک نجی کمپنیوں اور ایکسپورٹرز کو نوازنے کے عوض رشوت وصول کرتے رہے۔ سی بی آئی نے اس کیس میں کرنل کاجل بالی کو شریک ملزم نامزد کیا ہے۔
ادھر سوشل میڈیا پر اس گرفتاری کے بعد شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ صارفین نے کہا کہ وہ افسران جنہوں نے وردی میں قوم کی خدمت کا حلف اٹھایا تھا، ان پر ایسے الزامات تشویشناک ہیں۔ متعدد صارفین نے مطالبہ کیا کہ فوج میں کرپشن کے خلاف سخت اور مثال بننے والی سزائیں دی جائیں اور اس معاملے کی مکمل شفاف تحقیقات کی جائیں۔