پاکستان اسکواش فیڈریشن (PSF) کی جانب سے یکطرفہ اور جانبدارانہ فیصلے کے خلاف جونیئر یو ایس اوپن اسکواش چیمپئن شپ سے دستبرداری کے اعلان کے باوجود بعض پاکستانی کھلاڑیوں کی مقابلوں میں شرکت پر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یو ایس اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں عمروں پر شبہ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی کیٹیگریز تبدیل کیے جانے کے فیصلے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے سخت احتجاج کرتے ہوئے ایونٹ سے باضابطہ دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
تاہم اس فیصلے کے باوجود پاکستان سے تعلق رکھنے والے چند کھلاڑی مختلف ایونٹس میں شرکت کرتے رہے، جس پر فیڈریشن کے اندر شدید تحفظات پائے جا رہے ہیں اور متعلقہ کھلاڑیوں کے خلاف ضابطہ جاتی کارروائی زیر غور ہے۔
ایونٹ میں شرکت کرنے والوں میں سابق عالمی اسکواش کھلاڑی اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سابق ڈائریکٹر جنرل محب اللہ خان کے پوتے ایان خان بھی شامل تھے۔ ایان خان نے بوائز انڈر 19 ایونٹ میں حصہ لیا تاہم وہ تیسرے راؤنڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے جلد اس معاملے پر حتمی مؤقف اور ممکنہ کارروائی سے متعلق باضابطہ اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
