اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صومالیہ میں افریقی یونین مشن کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صومالیہ میں افریقی یونین کے معاونت و استحکام مشن (AUSSOM) کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت یہ مشن 31 دسمبر 2026 تک اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے گا۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق 15 رکنی سلامتی کونسل نے قرارداد نمبر 2809 کو متفقہ طور پر منظور کیا، جس کے ذریعے دسمبر 2024 میں منظور کی گئی قرارداد 2767 کے تحت طے شدہ اے یو ایس ایس او ایم کے فرائض اور مینڈیٹ کی توثیق بھی کر دی گئی۔ مذکورہ قرارداد کے تحت مشن کو ابتدائی طور پر 12 ماہ کے لیے اختیار دیا گیا تھا۔
اہلکاروں کی تعداد مقرر
نئی قرارداد کے مطابق افریقی یونین کے رکن ممالک کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران اے یو ایس ایس او ایم کے تحت زیادہ سے زیادہ 11,826 وردی پوش اہلکار تعینات رکھ سکیں گے، جن میں 680 پولیس اہلکار بھی شامل ہوں گے۔
الشباب کے خلاف کارروائی پر زور
سلامتی کونسل کی قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ صومالیہ میں انتہا پسند تنظیم الشباب کے خلاف مؤثر کارروائی، اور ملک و خطے میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کے لیے اے یو ایس ایس او ایم اور صومالیہ کی قومی سکیورٹی فورسز کو مزید سیاسی، تکنیکی اور عسکری معاونت فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
مالی معاونت کی اپیل
سلامتی کونسل نے روایتی اور نئے عطیہ دہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ مشن کو اس کی مکمل ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے درکار مالی وسائل فراہم کریں۔ کونسل کے مطابق افریقی یونین مشن کی مسلسل موجودگی صومالیہ میں استحکام، امن اور سکیورٹی کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔