14ویں لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2025: ڈائمنڈ پینٹس اور ایف جی/آسیان کے درمیان فائنل اتوار کو ہوگا

0

لاہور — لاہور پولو کلب کے زیرِ اہتمام 14ویں لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2025 (پیٹرنز کپ) کا فائنل اتوار کو ڈائمنڈ پینٹس اور ٹیم ایف جی/آسیان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز گزشتہ روز کھیلے گئے، جنہیں دیکھنے کے لیے شائقینِ پولو اور فیملیز کی بڑی تعداد لاہور پولو کلب پہنچی۔ اس موقع پر کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، سیکرٹری میجر (ر) امجد غفور، ممبران اور کھلاڑی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

پہلے سیمی فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی این پولو کو 6-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ڈائمنڈ پینٹس کی جانب سے راجہ جلال ارسلان نے تین، راجہ تیمور ندیم نے دو جبکہ میر حذیفہ احمد نے ایک گول اسکور کیا۔
بی این پولو کی طرف سے تمام چار گول حمزہ مواز خان نے اسکور کیے۔

دوسرے سیمی فائنل میں ایف جی/آسیان نے ماسٹر پینٹس بلیک کو 8-4 سے شکست دے کر مین فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
ایف جی/آسیان کی جانب سے راجہ میکائل سمیع نے چار، ہاشم اسد نے دو جبکہ امین رحمان اور ثاقب خان خاکوانی نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
ماسٹر پینٹس بلیک کی طرف سے صوفی ہارون، سید تراب محمد رضوی اور اگناسیو نے ایک ایک گول کیا۔

اتوار کو ہونے والے مین فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس اور ایف جی/آسیان آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے ماسٹر پینٹس بلیک اور بی این پولو کے درمیان مقابلہ کھیلا جائے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.