بھارتی ٹیم میں کھیلنے پرپاکستان کبڈی فیڈریشن کا عبیداللّٰہ راجپوت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
لاہور — پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل نے عبیداللّٰہ راجپوت پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ لاہور میں منعقدہ جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین نے کی۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ عبیداللّٰہ راجپوت کو پابندی کے خلاف اپیل کا مکمل حق حاصل ہوگا، جبکہ ان کا معاملہ باقاعدہ طور پر ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے جو کیس کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی کھلاڑی کو فیڈریشن سے این او سی حاصل کیے بغیر بیرونِ ملک کبڈی کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ اقدام کھیل میں نظم و ضبط قائم رکھنے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
چوہدری شافع حسین نے اعلان کیا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن سال 2026 کے دوران قومی اور بین الاقوامی سطح پر 13 ایونٹس منعقد کرے گی، جن کا مقصد پاکستان میں کبڈی کے معیار کو بہتر بنانا اور عالمی سطح پر کھیل کی نمائندگی کو مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن خواتین کبڈی کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایران سمیت مختلف مسلم ممالک کی کبڈی ٹیموں کو انڈور کبڈی ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ خواتین کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔