وزیرآباد — میکسیکو میں ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم ہینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس، وزیرآباد میں قومی ٹیم کے لیے 60 روزہ تربیتی کیمپ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ کیمپ قومی ہیڈ کوچ محمد رشید کی زیر نگرانی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت اسٹریٹ چلڈرن کھلاڑی شریک ہیں۔ ان کھلاڑیوں کا انتخاب گزشتہ سال ملک بھر میں ہونے والے باقاعدہ ٹرائلز کے ذریعے کیا گیا تھا۔
کیمپ کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ انگلش پریمیئر لیگ کے معروف کلب ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے سینیئر کوچ راشد ابا جنوری 2026 میں کیمپ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ کھلاڑیوں کے لیے خصوصی کوچنگ سیشنز منعقد کریں گے۔ ان سیشنز کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول پر عالمی معیار کی تربیت اور جدید فٹبال تکنیکس سیکھنے کا موقع ملے گا۔
کیمپ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل حتمی اسکواڈ مئی 2026 میں میکسیکو میں ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ ورلڈکپ سے قبل ایک ماہ کا فائنل تربیتی کیمپ اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا، جہاں ٹیم کو آخری مرحلے کی تیاری فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم اس سے قبل روس 2018 اور قطر 2022 میں ہونے والے ورلڈکپس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنر اپ پوزیشن حاصل کر چکی ہے، جس کے باعث ٹیم سے رواں ایونٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔
