نیویارک — پاکستان کے ممتاز سفارتکار رفیع الدین احمد جو گزشتہ ہفتے انتقال کر گئے تھے، کو نیو جرسی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
رفیع الدین احمد نے دہائیوں تک اقوام متحدہ میں اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی میں اہم کردار ادا کیا۔ طویل علالت کے بعد وہ 93 سال کی عمر میں نیویارک کے ایک ہسپتال میں وفات پا گئے۔
ان کی نماز جنازہ میں دوستوں، اقوام متحدہ کے ساتھیوں اور اہلِ خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عثمان جدون نے پاکستانی حکومت کی نمائندگی کی اور مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
رفیع الدین احمد کی وفات پر پاکستانی سفارتی حلقوں اور بین الاقوامی کمیونٹی میں دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
