پاکستان مینز اور پاتھ ویز کرکٹ کا سال 2025 مثبت کارکردگی کے ساتھ اختتام پذیر

0

لاہور – پاکستان مینز اور پاتھ ویز کرکٹ نے سال 2025 مثبت اور حوصلہ افزا کارکردگی کے ساتھ مکمل کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق قومی ٹیم نے سال کے دوران 56 بین الاقوامی میچز کھیلے، جن میں 30 میں کامیابی حاصل کی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے 29 سال بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کر کے ایک بڑا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی بھی کامیابی سے انجام دی گئی۔

پی سی بی کے مطابق زمبابوے اور سری لنکا کے ساتھ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی سے پاکستان کی عالمی سطح پر میزبانی کی صلاحیت مزید ثابت ہوئی۔ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم نے 2025 میں ریکارڈ 34 میچز کھیلے، جن میں 21 میں کامیابی حاصل کی۔

سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان نے بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتیں۔ اسی طرح افغانستان، متحدہ عرب امارات، زمبابوے اور سری لنکا کے خلاف دو ٹرائی سیریز ٹائٹلز بھی اپنے نام کیے۔

انفرادی کارکردگی میں صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 771 رنز اسکور کیے، محمد نواز نے 36 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق نے اپنے کیریئر کے آغاز میں ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کر کے نمایاں مقام حاصل کیا۔

ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز فتوحات حاصل کیں، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز برابر رہیں۔ ٹیسٹ میچز میں شان مسعود نے 397 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔

ڈویلپمنٹ سطح پر پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم کی کامیابیاں بھی سال 2025 کی اہم جھلکیوں میں شامل رہیں۔ پاکستان شاہینز نے رائزنگ اسٹارز ایمرجنگ ایشیاء کپ جیتا، جبکہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے بھارت کو فائنل میں شکست دے کر انڈر 19 ایشیاء کپ اپنے نام کیا۔

اس کے علاوہ پاکستان نے ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں بھی کامیابی حاصل کی۔ پی سی بی کے عہدیدار اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے سے بینچ اسٹرینتھ مضبوط ہوئی ہے اور بطور سلیکٹر وہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.