متحدہ عرب امارات نے یمن سے فوجی دستوں کی واپسی مکمل کر لی
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے یمن میں تعینات اپنے فوجی دستوں کی واپسی مکمل کر لی ہے۔ اماراتی وزارتِ دفاع نے اس پیش رفت کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں فوجی مشن کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد تمام دستے واپس بلا لیے گئے ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق یمن میں یہ تعیناتی دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے تناظر میں کی گئی تھی، جس کا مقصد خطے میں سلامتی کو درپیش خطرات کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اماراتی افواج نے یمن میں موجود شراکت دار قوتوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے۔
اماراتی وزارت دفاع کا مزید کہنا تھا کہ فوجی مشن کی تکمیل کے بعد واپسی کا فیصلہ طے شدہ حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا، اور اس دوران علاقائی سلامتی اور استحکام کو مدنظر رکھا گیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یو اے ای کی جانب سے یمن سے فوجی انخلا خطے میں جاری سفارتی اور عسکری تبدیلیوں کا حصہ ہے، جو مستقبل میں علاقائی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔