وینزویلا میں چینی مفادات کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی، چین
ین نے واضح کیا ہے کہ وینزویلا میں حالات میں تبدیلی کے باوجود اس کے تعاون کے فروغ کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور وینزویلا میں موجود چینی مفادات کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کی جانب سے طاقت کے استعمال نے لاطینی امریکا کے امن و استحکام کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین کو خطے میں استحکام کی بحالی کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال کی سختی سے مخالفت کی جانی چاہیے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کسی بھی ایسے اقدام کی بھرپور مخالفت کرتا ہے جو کسی خودمختار ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہو۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے معاملات کا حل صرف مکالمے اور سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہے۔
دوسری جانب، وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج ہنگامی اجلاس منعقد کرے گی، جس میں خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور اس کے عالمی اثرات پر غور کیا جائے گا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کارروائیوں کے بعد وینزویلا کی تیل برآمدات شدید متاثر ہوئی ہیں اور توانائی کی عالمی منڈی میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ اقتدار کی منتقلی تک امریکا وینزویلا کے معاملات خود سنبھالے گا۔ ان کے مطابق وینزویلا کے تیل کے ذخائر امریکی تحویل میں لیے جائیں گے اور امریکی تیل کمپنیاں وہاں سرگرم ہوں گی۔
ان اقدامات پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جبکہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی اور سخت بحث متوقع ہے۔