اسرائیلی قبضے کے باعث شام کا ابراہیمی معاہدے میں شامل ہونے سے انکار
شام کے وزیرِ اطلاعات حمزہ المصطفیٰ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے شام کے مختلف علاقوں بشمول گولان کی پہاڑیوں پر مسلسل قبضے کے باعث دمشق کے لیے ابراہیمی معاہدے میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔
عرب میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں حمزہ المصطفیٰ کا کہنا تھا کہ جب تک اسرائیل شام کی سرزمین پر قابض رہے گا، اس وقت تک ابراہیمی معاہدے میں شامل ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ موقف شامی قیادت کی مجموعی پالیسی کے عین مطابق ہے۔
انہوں نے یہ بیان شامی صدر کے حالیہ مؤقف کے تناظر میں دیا جس میں صدر نے کہا تھا کہ اس طرح کے معاملات پر مذاکرات کے لیے ابھی وقت مناسب نہیں اور یہ بات کرنا قبل از وقت ہے۔
اس سے قبل شامی صدر کے دورۂ واشنگٹن کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خواہش ظاہر کی تھی کہ شام بھی سعودی عرب اور دیگر ممالک کی طرح ابراہیمی معاہدے کا حصہ بنے، تاہم شامی حکام نے اسرائیلی قبضے کو اس راہ میں بنیادی رکاوٹ قرار دے دیا ہے۔