بھارت کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر لعل ریموراتا میچ کے دوران انتقال کر گئے
نئی دہلی – بھارت کے سابق فرسٹ کلاس اور رانجی ٹرافی کرکٹر لعل ریموراتا میچ کے دوران اچانک طبی پیچیدگی کے باعث انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ کرکٹر کا تعلق ریاست میزورم سے تھا اور وہ خالد میموریل سیکنڈ ڈویژن اسکریننگ ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق لعل ریموراتا وینگھنوائی رائڈرز کرکٹ کلب (وی آر سی سی) کی نمائندگی کر رہے تھے اور ان کا مقابلہ چاونپوئی کرکٹ کلب سے جاری تھا کہ وہ کھیل کے دوران اچانک زمین پر گر پڑے۔ گرنے کے فوراً بعد انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
واقعے کے بعد اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے مرحوم کرکٹر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے تمام طے شدہ میچز منسوخ کر دیے ہیں۔ کھیلوں کے حلقوں میں ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔