پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک بھر کے ہاکی کلبوں کی رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کر دیا
لاہور – پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے ملک بھر کے ہاکی کلبوں کی رجسٹریشن کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
فیڈریشن کے مطابق تمام میل اور فی میل ہاکی کلب 10 جنوری سے 14 جنوری 2026 رات 12 بجے تک اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔ اس توسیع کا مقصد ان کلبوں کو ایک اور موقع فراہم کرنا ہے جو کسی وجہ سے مقررہ وقت میں اپنی رجسٹریشن مکمل نہیں کر سکے تھے۔
پی ایچ ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فیڈریشن چاہتی ہے کہ ملک کا کوئی بھی فعال ہاکی کلب اس عمل سے محروم نہ رہے۔ یہ فیصلہ پاکستان سپورٹس بورڈ کی درخواست پر صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری جنرل اولمپیئن رانا مجاہد علی خان کی باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
صدر پی ایچ ایف نے تمام متعلقہ کلبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ہر صورت اپنی رجسٹریشن مکمل کریں کیونکہ اس کے بعد کسی قسم کی مزید رعایت نہیں دی جائے گی۔