ٹرمپ کی ایران پر دھمکی کے بعد امریکی جنگی طیاروں کی قطر میں پروازیں تیز

ایرانی حملے کا خطرہ: امریکی اہلکاروں کو قطر ایئربیس خالی کرنے کی ہدایت

دوحہ/واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پر ممکنہ حملے کی دھمکیوں کے بعد امریکا نے قطر کے العدید ایئر بیس پر اپنی فوجی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی رات متعدد امریکی جنگی طیاروں نے اس بیس سے پروازیں کیں۔

اطلاعات کے مطابق امریکی طیاروں میں کے سی 135 ایئر ریفیولنگ ٹینکر اور بی 52 اسٹریٹیجک بمبار شامل تھے، جو ممکنہ فوجی کارروائی کے پیشِ نظر تعینات کیے گئے ہیں۔ العدید ایئر بیس ایرانی سرحد سے تقریباً 200 سے 300 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

دوسری جانب امریکا نے اپنے شہریوں کو ایران فوری طور پر چھوڑنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ ایران میں قائم امریکی ورچوئل سفارت خانے نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ملک بھر میں ہونے والے احتجاج شدت اختیار کر رہے ہیں اور یہ کسی بھی وقت تشدد میں بدل سکتے ہیں۔

سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر ممکن ہو تو زمینی راستوں کے ذریعے آرمینیا یا ترکیہ سے ایران چھوڑ جائیں اور ایسے انتظامات کریں جن میں امریکی حکومت پر مکمل انحصار نہ کرنا پڑے۔ جن شہریوں نے ایران چھوڑنے کا فیصلہ نہ کیا، انہیں محفوظ مقامات پر گھر کے اندر رہنے اور احتجاجی سرگرمیوں سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے، ساتھ ہی خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا ذخیرہ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

اس وقت عالمی تجزیہ کار اس صورتحال کو ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں، جبکہ امریکا کے نائب صدر نے زور دیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی ممکنہ حملے سے قبل سفارتکاری کو موقع دیا جانا چاہیے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے