ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا، ایڈم ملن انجری کے باعث باہر
ویلنگٹن — آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، جہاں فاسٹ باؤلر ایڈم ملن انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ کے مطابق ایڈم ملن جنوبی افریقہ کی ٹی 20 لیگ ایس اے ٹوئنٹی کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے باعث وہ مکمل فٹ نہ ہو سکے اور انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ایڈم ملن کی جگہ فاسٹ باؤلر کائل جیمیسن کو قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ کائل جیمیسن اس سے قبل ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ ٹیم کے ٹریولنگ ریزرو کے طور پر ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔
ایڈم ملن کی عدم موجودگی کو نیوزی لینڈ کے بولنگ اٹیک کے لیے ایک اہم نقصان قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ٹیم مینجمنٹ کو کائل جیمیسن سے اہم مواقع پر مؤثر کارکردگی کی امید ہے۔