پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ رواں سال اکتوبر میں کراچی میں منعقد کی جائے گی۔ اس ایونٹ میں فیڈریشن سے وابستہ تمام صوبائی، محکمہ جاتی اور دیگر منسلک یونٹس کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
فیڈریشن کے مطابق اسی چیمپئن شپ کی بنیاد پر آئندہ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کے لیے قومی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے متعلقہ صوبائی اور محکمہ جاتی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر تربیتی کیمپوں کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدید کوچنگ کے ذریعے کھلاڑیوں کو بہتر انداز میں تیار کیا جائے تاکہ میرٹ کی بنیاد پر بہترین سائیکلسٹس کا انتخاب ممکن ہو سکے۔
ان کے مطابق نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
فیڈریشن کے صدر نے بتایا کہ قومی ٹیم کے انتخاب کے بعد خصوصی تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ اس کیمپ میں تجربہ کار اور کوالیفائیڈ کوچز جدید تقاضوں کے مطابق کھلاڑیوں کی تربیت کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان آئندہ ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا۔
