پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات مشترکہ طور پر کرانے کا فیصلہ، اسٹینڈنگ کمیٹی کا اہم اجلاس

0

اسلام آباد — پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے باہمی مشاورت سے پی ایچ ایف کے آئندہ انتخابات مشترکہ طور پر کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان شیخ آفتاب احمد، انجم عقیل خان، خواجہ اظہار الحسن، مہرین بھٹو اور شہلا رضا نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نمائندگی سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی خان، اولمپین شہباز احمد سینئر اور ظاہر شاہ نے کی، جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ اور جوائنٹ سیکرٹری امجد گل شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران کلب اسکروٹنی، پی ایچ ایف انتخابات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پی ایچ ایف مشترکہ طور پر منعقد کریں گے تاکہ شفافیت اور آئینی تقاضوں کو یقینی بنایا جا سکے۔

پی ایچ ایف کے عہدیداران نے اسٹینڈنگ کمیٹی کو آن لائن کلب رجسٹریشن، انتخابی طریقہ کار اور دیگر انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر کمیٹی نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اسٹینڈنگ کمیٹی نے پی ایچ ایف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے باہمی تعاون سے شفاف، منصفانہ اور آئینی انداز میں انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جائے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.