ڈھاکا — بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے نظم الاسلام کو فنانس کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر دوبارہ بحال کر دیا ہے۔بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق نظم الاسلام کو 15 جنوری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، جب انہوں نے کھلاڑیوں پر تنقیدی بیانات دیے تھے۔ ان بیانات کے بعد بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں کھلاڑیوں کی جانب سے میچز کے بائیکاٹ کی صورتحال بھی پیدا ہوگئی تھی، جس پر کرکٹ بورڈ کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں بی سی بی نے معاملے کا انضباطی جائزہ لیا اور نظم الاسلام کی جانب سے جمع کرایا گیا وضاحتی بیان تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ فنانس کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔
تاہم بنگلادیشی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ نے نظم الاسلام کی وضاحت کی تفصیلات عوام کے سامنے ظاہر نہیں کیں۔
واضح رہے کہ نظم الاسلام کو سابق قومی کپتان تمیم اقبال کے خلاف متنازع بیان دینے پر عہدے سے برطرف کیا گیا تھا۔ اس وقت بی سی بی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ فیصلہ بورڈ اور ملکی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔
نظم الاسلام کی بحالی کو بنگلادیش کرکٹ میں جاری انتظامی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان تعلقات کی بحالی کے حوالے سے بھی اس فیصلے کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
